کشمیر

چین ودیگرممالک کی مددسے کوروناپرجلدقابوپالینگے:سردارمسعود

مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ چین اور دوسرے دوست ممالک کی مدد سے کوروناوائرس کی وبا پر جلد قابو پا لیں گے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ عوام حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور ڈاکٹروں اور ماہرین طب کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں ۔ پیر کے روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی بھرپور معاونت کر رہا ہے جس کے لیے ہم چین کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم بار بار لوگوں کو گھروں میں رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین اس لیے کر رہے ہیں کہ یہی اس وبا سے نکلنے کا راستہ ہے اور اسی میں ہم سب کی بقا اور بہتری ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم سب مسلمان اور دین اسلام کے پیروکار ہیں اور دین اسلام صفائی ستھرائی کی تاکید کرتا ہے اور اُسے روز مرہ کی زندگی کے لیے لازم قرار دیتا ہے ۔ صفائی نصف ایمان ہے ،اور نمازظاہری ،باطنی اور روحانی طہارت کے لیے فرض کی گئی ہے ۔ آج ساری دنیا پر نماز پنجگانہ ، وضو اور غسل کی اہمیت واضح ہو رہی ہے ۔کورونا وائرس کی وبا کو ختم کرنے کے لیے خود ہمارا اسلامی طرز حیات اور طبی ماہرین کی رائے بہترین طریقہ کار وضع کرتے ہیں ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم علماء و مشائخ اور اسلامی نظریاتی کونسل آزاد کشمیر کے بے حد شکر گزار ہیں ،جنہوں نے بین المسالک مشاورت اور اتفاق کے بعد کورونا وائرس کو ختم کرنے کے لیے عوام کی شریعت کی روشنی میں رہنمائی کی ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close