کشمیر

کورونا بھی ٹلا نہیں،عوام حفاظتی انتظامات سے غافل نہ ہوں،صدر مسعود

مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور آزاد کشمیر کے لوگوں نے کورونا وائرس کی اُس وبا کو شکست دی ہے جس کے سامنے امریکہ ، برطانیہ اور دیگر بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک بے بس ہو گئے ہیں ۔ اس جنگ کو جیتنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی تائید اور حمایت کے بعد نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر ، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ ، وفاقی حکومت ، افواج پاکستان چاروں صوبائی حکومتوں اور آزاد کشمیر نے جو بروقت اقدامات اُٹھائے اُس پر قوم کو فخر ہے ۔ یہ بات اُنہوں نے منگل کے روز ایوان صدر مظفرآباد میں نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کے ایک اعلیٰ سطح وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وفد کی قیادت نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام کر رہے تھے جبکہ کہ وفد کے دیگر اراکین میں لیفٹیننٹ کرنل اظہر سعید ، لیفٹیننٹ کرنل سبطین محمد خان ، کے علاوہ کرونا وائرس لیب کے ماہرین اور دیگر افراد شامل تھے ۔ آزاد کشمیر کے ڈائریکٹر صحت عامہ ڈاکٹر سردار آفتاب خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ این سی او سی کی یہ ٹیم آزاد کشمیر میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کے لیے آزاد کشمیر کے محکمہ صحت کی مدد کرنے اور کورونا وائرس وبا کے بعد آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے بعد حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کر رہی ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ این سی او سی ، این آئی ایچ اور افواج پاکستان سمیت ہمارے سول اور فوجی اداروں کے مثالی باہمی تعاون کا نتیجہ ہے کہ اس جان لیوا اور مہلک بیماری نے اب تک زیادہ نقصان نہیں پہنچایا ۔ اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت کے بروقت اقدامات ، ڈاکٹرں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی طرف سے اپنی جان کو دائو پر لگا کر مریضوں کی جان بچانے کی کوششوں ، علماء و مشائخ کے تعاون اور ہر سطح کے انتظامی آفیسران کی کوششوں اور سب سے بڑھ کر عوام کے حکومت کے ساتھ تعاون سے ہم اس آزمائش اور بڑے چیلنج سے نبرد آزما ہو نے میں اب تک کامیاب ہوئے اور ہم لوگوں کو مسلسل بتا رہے ہیں کہ ابھی خطرہ پوری طرح نہیں ٹلا اس لیے وہ حفاظتی انتظامات کو ترک کر کے غافل ہو کر نہ بیٹھ جائیں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے این ای او سی کے وفد کے سربراہ میجر جنرل عامر اکرام نے کہا کہ نیشنل کو آرڈی نیشن کمیٹی برائے کوروناوائرس نے این سی او سی کی سفارشات کی روشنی میں پاکستا ن کی عوام کو کورونا وائرس کی ویکسین مہیا کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز تر کر دی ہیں اور اس بیماری کے حوالے سے ہائی ریسک آبادی کو جلد یہ ویکسین فراہم کرنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ چین کی تیار کردہ ویکسین پر کلیکنکل ٹرائل بھی جلد شروع ہو جائے گا ۔ پاکستانی عوام میں اینٹی باڈی لیول پر گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل عامر اکرام نے کہا کہ ملک میں ہر دس پاکستانیوں میں سے ایک پاکستانی میں کوروناوائرس کے خلاف اینٹی باڈی پائی جاتی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ تقریبا ً 11% ملک کی آبادی میں کرونا وائر س کے خلاف قوت مدافعت پائی جاتی ہے ۔ وفد کے سربراہ نے مذید بتایا کہ ملک کے تقریبا ً دو کروڑ لوگوں میں کورونا وائرس کی ویکسین تقسیم کی جائے گی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close