کشمیر

ہندوستان کے تلوے چاٹنے والے سیاستدانوں کو 5اگست کے بعد منہ کی کھانا پڑی،فاروق حیدر

مظفرآباد:وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام شیخ عبداللہ کے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں ۔فاروق عبداللہ اوربھارت نواز کٹھ پتلیاں کشمیریوں کے مجرم ہیں جو کشمیریوں کے قتل عام پر بھارت کے تلوے چاٹتے رہے۔ فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے بھارت کی گود میں بیٹھ کر کشمیریوں کے قتل عام اور ان پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم میں بھارت کا ساتھ دیا۔ انتہاء پسند مودی کے گزشتہ برس پانچ اگست کے اقدامات کے بعد ان کٹھ پتلیوں کو منہ کی کھانی پڑی ۔ بھارتی انتہاء پسند حکمرانوں کی جانب سے آئینی جارحیت کے بعد کٹھ پتلی سیاستدان شرمندگی کی صورتحال سے دوچار ہوئے کہ جس ہندوستان کے وہ تلوے چاٹتے رہے اسی نے انہیں ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ،کٹھ پتلی سیاستدان اپنی بقاء کی کوشش کررہے ہیں۔ کشمیریوں نے اپنی حق خودارادیت کیلئے انسانی تاریخ کی ایک منفرد جدوجہد کی ہے اور اس میں کشمیریوں کا تین نسلوں کا خون شامل ہے ۔ سیز فائر لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ دہشتگردی ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ حضرت قائد اعظم نے شیخ عبداللہ سے کہا تھا عبداللہ میں نے یہ بال دھوپ میں سفید نہیں کئے ہیں کانگرس تمہیں دھوکہ دیگی پھر جب کانگرس ہی نے شیخ عبداللہ کی حکومت ختم کر کے ایمرجنسی لگائی تھی تو اسے سمجھ آگئی تھی۔انہوں نے کہاکہ بھارت انسانیت کا سب سے بڑا دشمن ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی تذلیل کی جارہی ہے جبکہ ہندوستان کے مسلمان بھی بھارتی حکومت کی مسلم کش پالیسیوں کی وجہ سے شدید تشویش کا شکارہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کشمیری عوام نے اپنے مستقبل کا فیصلہ قیام پاکستان سے قبل 19جولائی1947کو قراردادالحاق پاکستان کی صورت میں کیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اگر شیخ عبداللہ اس وقت غلط فیصلے نہ کرتے تو آج صورتحال مختلف ہوتی ۔ کشمیری عوام آج شیخ عبداللہ کے غلط فیصلوں کی سزا بھگت رہے ہیں۔راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ نہرو نے جس طرح سازش اور چال کے ذریعے شیخ عبداللہ کو پھنسایا آج کشمیری اس کی وجہ سے بھارتی فوج کے چنگل میں پھنس چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کی انتہاء کر دی ہے اور سیز فائر لائن پر آباد شہریوں پر بھی گولیاں برسا کر دہشتگردی کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہم مایوس نہیں ہیں ،ناامید بھی نہیں ہیں انشاء اللہ شہداء کشمیر کا لہو رنگ لائے گا بھارت کشمیر سے نکلے گا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close