کشمیر

لاک ڈائون،صدرآزادکشمیرکی سرکاری جامعات کوآن لائن تعلیمی تیاریوں کی ہدایت

مظفرآباد :آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے آزاد کشمیر کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلر حضرات اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد معطل ہونیو الی تعلیمی سرگرمیوں کو فاصلاتی تعلیم اور دیگر متبادل ذرائع اختیار کر کے بحال کرنے کی تیاری کریں تاکہ طلبہ کے قیمتی وقت اور تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے ۔ ایوان صدر مظفرآباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز سے گفتگو کرتے ہوے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال طوالت اختیار کرتی ہے تو ہمیں طلبہ کو ورچول اور ٹیکنالوجی بیسڈ ذرائع کو اختیار کر کے تعلیم دینے کا سلسلہ بحال کرنے کی طرف جانا پڑے گا جس کے لیے ذہنی اور عملی تیاری کرنے کی ضرورت ہے ۔ صدر آزاد کشمیر جو آزاد کشمیر کی سرکاری شعبے میں قائم پانچ جامعات کے چانسلر بھی ہیں نے تمام جامعات کے وائس چانسلرز حضرات سے جب آن لائن تعلیم دینے کی تیاریوں کے حوالے سے استفسار کیا تو اُنہوں نے صدر ریاست کو بتایا کہ تمام جامعات نے اس حوالے سے تیاریاں شروع کر دیں ہیں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات اور رہنمائی کی روشنی میں میں آن لائن کلاسز اور لیکچرز ڈلیور کرنے ، طلبہ کو اسائنمنٹ دینے اور امتحانات کے طریق کار سمیت دیگر ضروری امور کی انجام دہی کے لیے اساتذہ کی تربیت کا عمل شروع کیا جا رہا ہے ۔ ویڈیو لنک کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی نے بتایا کہ یونیورستی میں موجود تعطیلات کو گرمائی تعطیلات شمار کرتے ہوئے اگر صورتحال بہتر ہو جاتی ہے تو یکم جون سے تعلیمی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی اور ہفتہ کے روز بھی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی اور اگر لاک ڈاون طوالت اختیار کرتا ہے تو حالات کے مطابق اور طلبہ کی ضرورت کو سامنے رکھ کر ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔ اُنہوں نے بتایا کہ ڈین فیکلٹی آف سائنسز کی سربراہی میں ایک پانچ رکنی کمیٹی پہلے ہی قائم کی جا چکی ہے جو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیکنیکل سپورٹ کمیٹی سے رابطہ کر کے آن لائن کلاسز کے طریقہ کار اور اگلے سمسٹر کے لیے تدریسی مواد کی تیاری پر کام کر رہی ہے ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی نے مذید بتایا کہ یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس میں مطلوبہ سہولیات کو فوری طور پر مہیا کرنے کے لیے ہائر ایجوکیشن نے مالی وسائل مہیا کرنے کی منظوری دے دی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہ کیمپس جلد مکمل ہو تاکہ یونیورسٹی کے بعض شعبہ جات کو نئے کیمپس میں منتقل کر کے تدریسی عمل شروع کیا جائے ۔ ویڈیو کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رسول جان نے بتایا کہ جامعہ کے تمام شعبہ جات اپنے اپنے شعبوں کے واٹس ا یپ گروپ تشکیل دے کر ورچوئل کلاسز کے کورسز کی تیاری میں مصروف ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close