کشمیر

اب کوئی ایم ایل اے نوکری کا لالچ دے کر ووٹ نہیںلے سکتا، وزیراعظم

جہلم ویلی:وزیر اعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان کاغذات نامزد جمع کرانے کے بعد وادی کھلانہ کیلئے روانہ ہوئے جہاں گزشتہ روز برساتی نالے میں بہہ کرجاں بحق ہونے والوں کے گھر گئے ان کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ وزیرا عظم آزادکشمیر کے ہمراہ ممبر مرکزی مجلس عامہ مرزا آصف ، صدر مسلم لیگ ن جہلم ویلی فرید خان ، عظیم شاہ کاظمی راجہ مشتاق ، حاجی شبیر ، مرکزی جائنٹ سیکرٹری سید اعجاز حسین ہمدانی ،قاضی شمیم اعوان ، نیاز ہمدانی سمیت لیگی کارکنان کی بڑی تعداد وزیر اعظم آزادکشمیر کے ہمراہ تھے ۔اس موقع پر مختلف مقامات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مخالفین کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ۔ آزادکشمیر کے عوام باشعور ہیں ۔ گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والوں کی سیاست اپنی انجام کو پہنچنے والی ہے ۔ آزادکشمیر میں ہم نے اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اپنے منشور پر عملدرآمد کیا ۔ آج آزادکشمیر بااختیار ہے ۔ تنخواہیں بروقت مل رہی ہیں تحریک انصاف نے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کیا۔ ان کے پاس عوام کے لیے کوئی پروگرام نہیں کیا وہ آزادکشمیر کے لوگوں سے اس کا م پر ووٹ لیں گے کہ انہوں نے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کیا۔ کیا آزادکشمیر کے لوگ مہنگائی میں اضافہ کرنے اور عام آدمی کی زندگی اجیرن بنانے پر ووٹ دیں گے؟آزادکشمیر کے لوگ اداروں کو تباہ کر کے نظام کا بیڑا غرق کرنے کے لیے تحریک انصاف کو کسی صورت ووٹ نہیں دیں گے ۔ آزادکشمیر کے لوگوں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ اب نوکریاں دینے اور لینے والے نظام سے جان چھوٹ گئی ہے ۔ اب کوئی ایم ایل اے نوکری کی وجہ سے ووٹ نہیں لے سکتا اگر کوئی ایسا لالچ دے رہا تو وہ جھوٹ بول رہا ہے ۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں کارکردگی دکھائی ہے اور اسی بنیاد پر اللہ رب العزت دوبارہ کامیابی دیں گے ۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ،آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام کسی صورت لا تعلق نہیں رہ سکتے ۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر بہنے والا خون ہمارے اپنے پیاروں کا خون ہے ہم اتنے مصروف نہیں کہا انہیں بھول جائیں ۔ میرا حلقہ انتخاب لائن آف کنٹرول پر واقع ہے یہاں بسنے والے عوام نے دفاع وطن کے پاک فوج کے شانہ بشانہ بے پناہ قربانیاں پیش کیں ۔ پاکستان کے چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے فوجی جوانوں کے لہو سے آج بھی یہ علاقہ مطہرہے ہم انہیں ان قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ لائن آف کنٹرول پر واقع آبادی کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے منصوبہ کا ہم نے اپنے دور میں آغاز کیا اور آج ان منصوبہ جات پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کو ماہانہ فی کس امداد تین ہزار معاوضہ دیا جارہا ہے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ میں اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں کوسلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں میرے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے کئی اتار چڑھائو آئے مگر یہ لوگ استقامت سے ہمارے قافلے میں شامل رہے ۔دادا اگر آج نہیں ہے تو اس کا بیٹا وہ بھی نہیں تو پوتا بھی میرا ساتھ ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close