12

میرپور کے اداروں میں مقامی نوجوانوں کو روزگاردینگے، بیرسٹر سلطان

میرپور: صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں آزاد کشمیر کا واحد لیڈر ہوں جو 9 مرتبہ ممبر اسمبلی بنا ریاست کا وزیراعظم بنا جب میں وزیر اعظم تھا تو پاکستان میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں۔ میںنے چار حکومتوں کا مقابلہ کیا اس کے بعد میں آزاد کشمیر اسمبلی میں پانچ سال تک اپوزیشن لیڈر رہا ۔اب وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے سب سے بڑے آئینی عہدے کے لئے میرا انتخاب کیا جس پر میں وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔عام طور پر صدر کے حلف کے بعد اسمبلی کی سیٹ بھی ختم ہو جاتی اور سیاست بھی ختم ہو جاتی ہے لیکن آج میرپور میں عوامی جوش اور ولولہ دیکھ کر لگتا ہے میری سیاست ختم نہیں ہوئی بلکہ پہلے سے زیادہ متحرک ہوئی ہے۔ میں ابھی بھی پارٹی کا صدر ہوں مگر میں چاہتا ہوں کہ جلد پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر کا اعلان ہو ہم انشا ء اللہ پہلے کی طرح پارٹی کو منظم کر کے چلائیں گے۔ آزاد کشمیر میں وزیراعظم عمران خان کے نظریات کو فروغ دیں گے ۔سید علی گیلانی مرحوم کی وفات تحریک آزادی کشمیر کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔سید علی گیلانی نے ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی وہ 9سال سے نظر بند تھے ان کو بھارتی فوج نے قتل کیا ہے۔ ان کی موت طبعی نہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں بھارت یہ سمجھتا ہے کہ سید علی گیلانی کی موت کے بعد تحریک آزادی کشمیر ختم ہو جائے گی مگر یہ بھارت کی بھول ہے سید علی گیلانی کا نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے” اب پورے مقبوضہ کشمیر کے اطراف و اکناف میں گونج رہا ہے۔صدر ریاست نے کہا کہ میں آزاد کشمیر کا واحد سیاستدان ہوں جسے مقبوضہ کشمیر جانے کا اتفاق ہوا میں جب مقبوضہ کشمیر گیا تھا تو سید علی گیلانی مرحوم سے ملا تھا وہ عزم و استقلال اور جرات و شجاعت کے پیکر تھے۔ ان کی خدمات ہماری تاریخ میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہیں گی۔بھارت افغانستان کے حالات سے سبق سیکھے جو انجام امریکہ کا افغانستان میں ہوا ہے وہی انجام بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں ہو گا ۔جس طرح تمام تر وسائل کے باوجود امریکہ کو افغانستان سے بھاگنا پڑا ہے اسی طرح ایک دن بھارت کو بھی مقبوضہ کشمیر سے بھاگنا پڑے گا۔میں مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ آزادی کا وقت قریب پہنچ چکا ہے میں نے پہلے بھی کشمیر کاز کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اب بطور صدر ریاست بھی اپنا کردار ادا کروں گا جس طرح میں نے ماضی میںملین مارچ کیے برطانوی پارلیمنٹ و یورپین ممالک میں کشمیر کاز کو اجاگر کیا انشا اللہ اب بھی ایسا ہی ہو گا۔میں نے 7 سال قبل مودی کو چیلنج کیا تھا کہ وہ دنیا میں جہاں بھی جائے گا میں اس کا پیچھا کروں گا اور میں نے ساری دنیا میں اس کا پیچھا کیا بھی اب میں ایک مرتبہ پھر مودی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ دنیا میں جس جس عالمی فورم پر جائے گا میں بطور صدر ریاست اس کا پیچھا کروں گا۔اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کروانا پی ٹی آئی کے بنیادی منشور میں شامل ہے ۔اب آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بن چکی ہے وزیر بلدیات خواجہ فاروق بھی یہاں موجود ہیں تو میں حکومت سے کہوں گا کہ وہ جلد آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کروائے انشا ء اللہ پاکستان تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات بھی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔الیکشن کے دوران میرپور کی عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ جلد پورے ہوں گے میں نیو سٹی میرپور کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ذیلی کنبہ جات کا مسئلہ حل کروں گا انشا اللہ جلد ذیلی کنبہ جات کا ایشو حل کر دیا جائے گا سوئی گیس میرپور میں میرے دور حکومت میں لائی گئی تھی جلد میرپور کے سوئی گیس سے محروم علاقوں میں سوئی گیس فراہم ہونا شروع ہو جائے گی۔میرپور کا سب سے بڑا مسئلہ بے روز گاری ہے پچھلی حکومت نے میرٹ کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے میرپور کے اداروں میں باہر کے لوگوں کو بھرتی کیا ۔جس سے میرپور کے نوجوانوں میں بے روز گاری میں اضافہ ہوا ۔اب ہم میرپور کے نوجوانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے۔ میرپور کے اداروں میں صرف میرپور کے نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں مہیا کی جائیں گی۔آج اہلیان میرپور سول سوسائٹی پی ٹی آئی کارکنان خواتین ونگ یوتھ کے نوجوانوں نے جس گرم جوشی سے میرا استقبال کیا میں اس پر اہلیان میرپور سول اور دیگر تمام مکتبہ فکر کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی محبتوں اور عقیدتوں کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔آج خواتین کی بہت بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود ہے میں خواتین ونگ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ہم خواتین کے حقوق کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں میں اضافہ کر کے اس کی تعداد 10کریں گے ،خواتین کو معاشرے کے ہر شعبہ میں نمایاں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کریں گے۔ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قائد اعظم اسٹیڈیم میرپور میں استقبالیہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں