6

امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا،وزیراعظم

مظفرآباد:وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ نے 131صفحات پر مشتمل ڈوزیئر لا کر دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال اور ہندوستانی عزائم سے آگاہ کر دیا ہے، اب اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ہندوستان کے خلاف نوٹس لیکر کشمیریوں کو ان کا تسلیم شدہ حق حق خودارادیت دیا جائے۔ ہندوستان کے عزائم خطے میں امن کے لیے سنگین خطر ہ ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کی موثر آواز ہیں جنہوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ جرات اوردلیری سے پیش کیاہے اور کشمیریوں کے حقیقی وکیل ہونے کا ثبوت دیاہے۔ پانچ اگست2019کے بعدپاکستان نے بہترین سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر اور ہندوستان کی آئینی جارحیت کو بے نقاب کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزارت خارجہ کی جانب سے ہندوستان کے مکروہ عزائم اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارہ میں جاری کردہ ڈوزئیر پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے فوجی محاصرے کو771دن گزر چکے لیکن عالمی ضمیر خاموش ہے، مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی انسان ہیں انہیں بھی زندہ رہنے کا حق حاصل ہے، ہندوستان نے 5اگست2019کے بعد مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی بنایا ہواہے اور وہاں پر لوگوں کی شہری آزادیاں سلب کی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے سفیر عمران خان نے ہندوستان کے مکروہ عزائم کا پردہ چاک کر دیا دنیا کو اسکی اصلیت دکھا دی۔ حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی سفاکیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کر دیا۔ ہندوستان ایک منظم منصوبے کے تحت تحریک آزادی کشمیر کو دہشتگردی سے جوڑنے کی کوشش کرررہا ہے اور دنیا سے حقائق چھپانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں سخت پابندیا ں لگائی ہیں تاکہ مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال دنیا تک نہ پہنچ سکے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہندوستان کے بدترین مظالم کا شکار ہیں،مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں گمنام قبریں ہیں، ہزاروں خواتین کی عصمت دریاں کی گئیں جبکہ حریت رہنماؤں کو پابند سلاسل کر کے ان پر تشدد کیاجارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں عقوبت خانے نوجوان نسل سے بھرے ہوئے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ، عالمی ادارے اور مہذب دنیا وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ڈوزئیر کو سنجیدہ لیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا جاندار کردار ادا کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں