24

آزادکشمیر میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے احتساب ایکٹ میں ترمیم کرینگے، تنویز الیاس

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے صدر اور سینئر وزیر سردار تنویز الیاس خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو آزادکشمیر اور مہاجرین کے حلقوں میں نئے عزم اور ولولے کے ساتھ منظم کیا جائے گا اور جلد ہی پی ٹی آئی آزادکشمیر کی سب سے بڑی گرس روٹ آرگنائزیشن ہوگی۔ انہوں نے کہا وہ پارٹی دھڑوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔ سب کو ساتھ لے کرچلیں گے اور ان کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ پارٹی کارکنان کی عزت واحترام کو یقینی بنائیں گے۔ آزادکشمیر میں لوگوں نے عمران خان کے نام پر ووٹ پی ٹی آئی کو دیئے ہیں۔ تمام فیصلے پارٹی کی گورننگ باڈی کی مشاورت سے کریں گے۔ حکومت اور پارٹی کے درمیان فاصلہ پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے مرکزی پبلک سیکریٹریٹ میں پارٹی کی تنظیم نو کے بعد مرکزی گورننگ باڈی کے پہلے اجلاس اور بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر چودھری ظفر انور، نائب صدر میر عتیق الرحمان ، نائب صدر چودھری اظہر صادق، جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری عامر نذیر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری مقبول احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار مرتضی علی احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی محمد اسرائیل خان, ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکندربیگ،سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے شرکت کی۔گورننگ باڈی نے بابائے آزادی سید علی گیلانی کی رحلت پر ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام اور پی ٹی آئی کی حکومت ہر محاذ پر آزادی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ گورننگ باڈی کے ارکان نے متفقہ طور پروزیراعظم عمران خان، چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور سیکرٹری جنرل عامر کیانی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے گورننگ باڈی کے ارکان پر اعتماد کیا اور انہیں مرکزی سطح کی ذمہ داریاں سونپیں۔ گورننگ باڈی نے سردار تنویز الیاس کو پارٹی کی صدارت، راجہ منصور خان کو جنرل سیکرٹری، عتیق میر کو نائب صدارت اور عامر نذیر کو ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کے عہدے سنبھالنے پر مبارک دی اور انہیں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس نے پارٹی کے سابق صد بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی پارٹی کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ چھ برسوں میں پارٹی کو منظم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔گورننگ باڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت شہریوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی اور آزادکشمیر میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے احتساب ایکٹ میں ترمیم کرکے اسے موثر بنائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں