15

کرونا 185ممالک میں پھیل گیا، ہلاکتوں کی تعداد 11ہزار 402ہوگئی

واشنگٹن/بیجنگ/روم:کرونا دنیا کے 185 ممالک میں پھیل گیا، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار 402 ہوگئی، جبکہ 2 لاکھ 76 ہزار 104 افراد متاثر ہیں۔کرونا کی وبا اٹلی پر آفت بن کر ٹوٹ پڑی، ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 32 ہوگئی جبکہ 47 ہزار 21 افراد متاثر ہیں۔ چین میں کرونا سے 3 ہزار 255 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکا میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 264 ہوگئی۔ نیویارک، الی نوائے، فلوریڈا اور کیلی فورنیا میں مزید پابندیاں لگا دی گئیں۔ ٹیکسوں کی ادائیگی بھی تین ماہ کے لیے موخر کر دی گئی۔ امریکا میکسیکو سرحد غیر ضروری سفر کے لیے بند جبکہ امریکی فوج میں بھرتی کے مراکز بھی بند کر دیئے گئے۔برطانیہ میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 177 ہوگئی۔ برطانیہ بھر میں آج سے لاک ڈاؤن، کیفے، ریستوران، ہیلتھ کلب، تفریح کے مراکز بند رہیں گے۔ برطانوی وزیراعظم کے مطابق کرونا کی وجہ سے سینما اور سپورٹس سینٹر بھی بند رہیں گے۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے کورونا سے لڑنے والے ہیلتھ ورکرز سے ملاقات کی۔جرمنی کی سب سے بڑی ریاست بواریا نے بھی لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا۔ کرونا نے سپین میں ایک ہزار ترانوے، جرمنی میں 67، ایران میں 1433، فرانس میں 450 کی جان لے لی۔ تیونس کے صدر نے ملک بھر میں شہریوں کو 24 گھنٹے قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کر دی۔ اردن نے کرونا پھیلا ؤکے خدشے کے پیش نظر ملک میں کرفیو لگانے کا اعلان کر دیا۔اٹلی میں کورونا وائرس نے ایک ہی روز میں 600 سے زائد افراد کی زندگیاں نگل لیں جس کے بعد یورپی ملک میں عالمگیر وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔اطالوی حکام کے مطابق جمعے کے روز اٹلی میں 627 افراد ہلاک ہوئے جب کہ اسپین، فرانس اور جرمنی کو ملا کر صرف یورپ میں اموات کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔اٹلی میں متاثرہ افراد کی تعداد 47 ہزار 21 ہو گئی ہے اور سوشل میڈیا پر اطالوی فوجی ٹرکوں کی تصاویر بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اٹلی میں قبرستان میں دفنانے کے لیے جگہ ختم ہونے کے بعد لاشوں کو فوجی ٹرکوں میں لاد کر لے جایا جا رہا ہے۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 نئے کیسز اور 7 اموات رپورٹ ہوئیں لیکن مسلسل تیسرے روز ایک بھی کیس وبا کے مرکز ووہان سے رپورٹ نہیں ہوا۔چین میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 255 اور کیسز 81 ہزار 8 ہو گئے ہیں، لیکن 71 ہزار 740 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔امریکا اور جنوبی کوریا میں 8، 8 جب کہ سنگاپور میں بھی دو نئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ ایران میں اموات کی تعداد ایک ہزار 433 تک پہنچ گئی ہے۔نیوزی لینڈ میں وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی بار کورونا وائرس مقامی سطح پر پھیل رہا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن نے 70 سال سے زائد عمر کے افراد سے گھروں پر رہنے کی اپیل کی ہے۔اسپین میں بھی ہلاکتیں ایک ہزار سے زیادہ ہو گئی ہیں جب کہ متحدہ عرب امارات میں بھی دو ہلاکتیں رپورٹ ہو ئی ہیں۔کورونا وائرس اب تک دنیا کے 185 ممالک تک پھیل چکا ہے اور موذی وبا سے اموات کی تعداد 11 ہزار 404 جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار 123 ہو گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں