15

آزاد کشمیر کوترقی کی راہ پر گامزن کریں گے: چوہدری انوارالحق

اسلام آباد: وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین کی قیادت میں پی ایس ایف آزادکشمیر کے وفد نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سمیت سیاسی اور باہمی دلچسبی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی،ہمارا سب کچھ تحریک آزادی کشمیر کیلئے ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے مقبوضہ کشمیر کے اپنے شہیدوں کا خیال نہ کیا اور ان کے خون پر اپنے اقتدار کے محل تعمیر کرتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب یہ محل زمیں بوس ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس جموں و کشمیر میں ہم نے جو فیصلے کئے تھے ان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر حریت کونسل کے زیر اہتمام کوٹلی سے دفاع حق خودارادیت اجتماع کا آغاز کیا گیا اسے تمام ڈویژنز میں منعقد کیا جائے گا پھر پاکستان اور پھر دنیا بھر میں بھارت کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اتحادی حکومت کی بڑی جماعت ہے ہم عوام کی بلاتفریق خدمت کیلئے کمربستہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں آجکل سوشل میڈیا کا دور ہے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ خود کو تحریک آزادی اجاگر کرنے کیلئے وقف کر دیں۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید نے عین نوجوانی میں آزادی کا پرچم بلند کیا اور قابض بھارتی فوج کو للکارا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے برہان وانی شہید کی زندگی مشعل راہ ہے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یسین نے وزیراعظم کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔انہوں نے وزیراعظم کے گڈ گورننس اقدامات کو سراہا۔ دوسری جانب وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی۔ملاقات میں مسئلہ کشمیر کی تازہ صورتحال،آزادکشمیر میں تعمیر وترقی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی کیوں کہ مسئلہ کشمیر اس وقت ایک اہم موڑ میں داخل ہو چکا ہے، اس سلسلے میں ہمیں آزادی کے بیس کیمپ سے بھرپور انداز میں اپنا رول ادا کرنا ہے اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کو اتفاق رائے کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر ایک موقف اپنانا ہو گا۔ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھی یقین دلاتے ہیں کہ ہم عالمی سطح پر بھرپور انداز میں ان کی آواز دنیا تک پہنچائیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ جموں کشمیر حریت کونسل کے زیر اہتمام تحریک آزادی کو اجاگر کرنے کیلیے سیاسی،مذہبی اور حریت قیادت ایک پیج پر ہے اور اسی فورم سے نہ صرف آزادکشمیر بھر،پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دفاع حق خودارادیت اجتماع منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاتفریق احتساب اور آزاد کشمیر کوترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ریاست کے عوام کو روزگار کی فراہمی خط کی تعمیر وترقی وخوشحالی،اور عوام کا معیارزندگی بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہر شخص کو ریاست میں تبدیلی نظر آئے گی۔ عوام بہت جلد پولیس، انتظامیہ اور دیگر شعبوں میں بہتری دیکھیں گے۔ ریاست کے عوام کی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ تحریک آزادی کیلیے حکومت کی بھرپور سپورٹ کریں گے۔انہوں نے وزیراعظم کے گڈ گورننس اقدامات کو بھی سراہا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں