41

پھر حکومت بنائینگے،فیصل راٹھور کا دبنگ اعلان

لچھراٹ:لچھراٹ:وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ انشاء اللہ چارٹر آف ڈیمانڈ کو ”چارٹر آف ڈیلیورنس” بنا کر دکھائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے مختصر عرصے میں عملی اقدامات سے عوام کا سیاست پر اعتماد بحال کیا،حکومت نے ریاست بھر سے بدامنی کا خاتمہ کیا، وزیراعظم سیکرٹریٹ کے دروازے عوام کے لیے کھولے اور تعمیر و ترقی کا پہیہ رواں کیا۔ اڑھائی ماہ میں جو کارکردگی دکھائی اور اقدامات آئندہ کیے جائیں گے تاریخ اس کی گواہی دے گی۔ انشاء اللہ پیپلز پارٹی لچھراٹ سے آنے والے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ آج کا شمولیتی پروگرام اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام پیپلز پارٹی کی پالیسیوں اور کارکردگی پر مکمل اعتماد کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لچھراٹ کے دورہ کے دوران پنجکوٹ میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے سید بازل علی نقوی اور محمد الیاس اعوان نے بھی خطاب کیا۔موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید اور وزیر جنگلات بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر اہم ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوسیری تا پنج کوٹ سڑک کی ری کنڈیشننگ کا اعلان کرتا ہوں، بی ایچ یو پنج کوٹ کو آر ایچ سی کا درجہ دینے، گورنمنٹ ڈگری کالج نوسدہ کے قیام کی بھی منظوری کا اعلان کرتا ہوں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ نوجوانوں کے بہترین مستقبل کے لیے ترقی اور خوشحالی کے راستے کھولے جا رہے ہیں۔ ہم عوام کو ہر ممکن ریلیف مہیا کرنے آئے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کو چھوڑ کر شہیدوں اور غازیوں کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ الیاس اعوان کو خصوصی طور پر پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سات ماہ کے محدود وقت کے لیے حکومت ملی ہے ہم نے یہ ذمہ داری انتہائی مشکل حالات میں سنبھالی۔ حکومت سنبھالتے ہی ہم نے ہر علاقے میں جا کر عوام کے مسائل سنے اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھائے، جہاں بھی پہنچے وہاں عوام کی جانب سے استقبال کے دوران جوش و خروش ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے۔انہوں نیکہا کہ یہ حکومت دراصل آنے والی پیپلز پارٹی کی مضبوط حکومت کا ٹریلر ہے۔پیپلز پارٹی کی حکومت نے محض اڑھائی ماہ میں ڈیلیورنس دی ہے، ریاست میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، اے جے کے بینک شیڈول کیا ، تین تعلیمی بورڈز قائم کیے اور دیگر عوامی مسائل کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ ہم نے محض اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نیکہا کہ قلم کی طاقت کو ہمیشہ عوام کے مفاد میں استعمال کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی شہداء اور غازیوں کی جماعت ہے۔ آج پیپلز پارٹی کے آزادکشمیر کے 29 حلقوں میں امیدوار مضبوط پوزیشن میں ہیں، عام آدمی بخوبی جانتا ہے کہ یہ عام آدمی کی حکومت ہے۔فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حلقہ لچھراٹ سے محبت کا رشتہ انہیں اپنے والد مرحوم ممتاز حسین راٹھور سے ورثے میں ملا ہے، یہاں کے عوام کو مایوس نہیں کرینگے۔انہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ اس حلقے میں آئیں گے، تاہم آج ان کی آمد صرف شمولیتی پروگرام کے سلسلے میں تھی۔ ہم ریاست کے مفاد کو ہر صورت مقدم رکھیں گے۔ وزیر صحت کی جانب سے کیے جانے والے تمام اعلانات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا وزیر صحت عامہ سید بازل علی نقوی کی دعوت پر حلقہ لچھراٹ کا دورہ، عوام الناس و پی پی کارکنان کی جانب سے وزیراعظم کا تاریخ ساز استقبال۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کا پٹہکہ، چھون، پنجگراں، دیولیاں، دھنی، نوسدہ، نوسیری،، پنجکوٹ، میرا کلسی، کرشاں، تیتراں، نمبل، کونڈا، صادقی بازار، پانڈیاں سمیت مختلف علاقوں میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا فقیدالمثال اور تاریخی استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ موسٹ سینئر وزیر و وزیر قانون میاں عبدالوحید، وزیر صحت سید بازل علی نقوی اور وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب بھی موجود تھے۔دورے کے دوران عوام کی بڑی تعداد نے قطاروں میں کھڑے ہو کر وزیراعظم آزاد کشمیر کا استقبال کیا، وزیراعظم پر گل پاشی کی گئی، ڈھول کی تھاپ پر رقص اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ مختلف مقامات پر‘‘وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور زندہ باد، بازل نقوی زندہ باد،جئے بھٹو’’، جئے بلاول‘‘جئے بی بی’’کے نعرے لگائے گئے۔ پٹہکہ سے پانڈیاں پنجکوٹ جلسہ گاہ تک جگہ جگہ خوش آمدید بینرز آویزاں تھے اور عوام نے حکومت کے انقلابی اقدامات پر وزیراعظم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے پنجکوٹ میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کیا جہاں شدید سردی میں عوام کی ایک بہت بڑی تعداد وزیراعظم کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ اس موقع ن لیگ اور پی پی کی سرکردہ شخصیات نے اپنے سینکڑوں کارکنان و سپورٹران کے ہمراہ پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر نے میرا کلسی میں دربار عالیہ سید شاہ محمد غازی پر حاضری دی، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی، آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ دورہ کے دوران مختلف مقامات پر وزیراعظم کو مختلف علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ مختلف مقامات پر استقبالیہ تقاریب سے خطاب میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ موجودہ حکومت محرومیوں کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ہماری جدوجہد کا مقصد صرف خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لچھراٹ میں سڑکوں، صحت اور تعلیم کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ دورہ کے دوران طلبہ، تاجران، بلدیاتی نمائندگان، سول سوسائٹی اور کارکنان کی بڑی تعداد نے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں