29

سیاسی ہلچل،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی اہم شخصیت مستعفی

مظفرآباد:پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے میڈیا ونگ کے سینئر نائب صدر ظاہر لطیف سلہریا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے صرف عہدے سے استعفیٰ دیا ہے پارٹی سے ان کی غیر متزلزل وابستگی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ‘‘عہدے آنی جانی امانت ہیں، مگر نظریہ مستقل عہد ہے۔ میں نے منصب چھوڑا ہے، مگر پاکستان پیپلز پارٹی کا مشن نہیں چھوڑا۔ میرا مرنا جینا پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے، اور میں آخری سانس تک جیالا رہوں گا۔’’انہوں نے اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت شہیدِ جمہوریت کے نظریے، اور دخترِ مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جدوجہد کی امین ہے۔ ان عظیم قربانیوں کی روشنی میں وہ سمجھتے ہیں کہ پارٹی کی خدمت کسی عہدے کی محتاج نہیں بلکہ یہ ایک نظریاتی وابستگی ہے۔ظاہر لطیف سلہریا نے کہا کہ وہ ایک کارکن کی حیثیت سے بھی اسی جذبے، خلوص اور عزم کے ساتھ میدانِ عمل میں موجود رہیں گے، پارٹی کے پرچم کو سربلند رکھنے کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کریں گے اور جیالوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے پارٹی قیادت اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ان کی وفاداری کسی منصب سے مشروط نہیں بلکہ یہ ایک نظریاتی اور قلبی رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں