42

آزاد کشمیر میں ڈیجیٹل انقلاب: رائٹ آف وے چارجز ختم، ون ونڈو سہولت متعارف

مظفرآباد : وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں قائم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے ریاست بھر میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیلی کام کمپنیوں کے لیے “رائٹ آف وے چارجز” ختم کردیے جبکہ آئی ٹی اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی تنصیب کے عمل کو آسان بنانے کے لیے “ون ونڈو سہولت”بھی متعارف کرا دی گئی۔ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کاوشوں سے کیے گئے حکومت آزاد کشمیر کے اس اقدام کا مقصد ریاست میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تیز رفتار توسیع اور انٹرنیٹ سروس کو بہتر بنانا ہے۔ رائٹ آف وے فیس کے خاتمے سے ٹیلی کام آپریٹرز کے لیے آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کی لاگت میں نمایاں کمی آئے گی، جس کے نتیجے میں منصوبوں کی تکمیل تیز اور خدمات کی دستیابی وسیع ہوگی۔ اس اقدام سے نہ صرف آئی ٹی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو سہولت ملے گی بلکہ طلبہ، کاروباری طبقے، فری لانسرز اور سرکاری اداروں کو بھی معیاری اور تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہوگی۔ اسی طرح ون ونڈو سہولت کے تحت ٹیلی کام آپریٹرز مختلف محکمہ جات میں این اوی سی کیلئے درخواست دینے کے جائے ایک ہی دفتر میں درخواست جمع کروا کر وہیں سے متعلقہ محکمہ جات کی این او سی حاصل کر سکیں گے۔ اس سہل سروس سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ وقت اور وسائل کی بھی بچت ہوگی۔ یہ فیصلہ ریاست کو ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر مزید آگے لے جانے میں معاون ثابت ہوگا۔حکومت آزاد کشمیر کے ان اقدامات اور PTCL کی جانب سے اعلان کردہ متوقع آپٹیکل فائٹر بچھانے کے عمل کی تکمیل کے بعد آزاد کشمیر میں غیر معیاری موبائل و انٹرنیٹ سروس کا مسئلہ حل ہو جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں