مظفرآباد:وزیراعظم آزاد کشمیر کے کوآرڈینیٹر ظاہر لطیف سلہریا نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں نادار اور مستحق افراد کو زکوٰۃ کی رقم بروقت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے بعض قانونی سقم کے باعث فوری امداد کی فراہمی میں مشکلات درپیش رہی ہیں، تاہم موجودہ حکومت ان رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی خصوصی ہدایت پر زکوٰۃ فنڈ کی تقسیم کے نظام کو شفاف، آسان اور تیز رفتار بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ رمضان سے قبل ہی مستحقین کو عزت و احترام کے ساتھ امداد میسر آ سکے۔ظاہر لطیف سلہریا نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں مستحق افراد کی فہرستوں کو فوری طور پر اپڈیٹ کیا جائے اور طریقہ کار کو سہل بنایا جائے، تاکہ کوئی بھی حقدار امداد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے کے کمزور طبقات کی کفالت اور سماجی بہبود کے پروگراموں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔
44










