مظفرآباد:وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور ہر ممکن سہولیات فراہم کریگی، اس سلسلہ میں رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کیلئے ون ونڈو آپریشن کی سہولت شروع کرینگے۔ صنعتی شعبے کی ترقی سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ صنعت و معدنی وسائل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو محکمہ صنعت و تجارت و معدنی وسائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر صنعت و تجارت، معدنی وسائل و سیاحت چوہدری عبدالرحمان، پرنسپل سیکرٹری و سیکرٹری انڈسٹریز سردار عدنان خورشید، ڈپٹی سیکرٹری راجہ ظہیر مختار سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کے فروغ اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے محکمہ معدنی وسائل کو ہدایت کی کہ بڑی اور چھوٹی لیزز کے پراسس کو آسان بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے پلاٹس کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری لوازمات کے عمل کو آسان بنایا جائے گا اور ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ایک ہی جگہ پر ضروری سہولیات فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی پلاٹس کی رجسٹریشن سمیت سرمایہ کاروں کو درپیش دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں صنعتوں کا فروغ معاشی ترقی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے انتہائی اہم ہے۔ حکومت سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کے ذریعے صنعتی شعبے کو وسعت دینے اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے محکمہ صنعت و معدنی وسائل کو ہدایت کی کہ آزادکشمیر میں موجود معدنی وسائل کے پوٹینشل سے استفادہ کرنے پر توجہ دی جائے۔










