پیرس :انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس کے صدر زاہد اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ ایران نے طاقت کے سامنے نہ جھکا کر تاریخ رقم کردی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دنیا میں امن پھیلانے اور جمہوریت لانے کے دعوے دار امریکہ کا ایران پر حملہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی تھا اور اب سیز فائر کرنا بھی امریکہ کی مجبوری تھی۔ زاہد ہاشمی نے کہا کہ ایران پر جنگ ٹھونس کر اسرائیل نے بڑی سنگین غلطی کی اور اس سے بھی بڑی غلطی امریکہ کا اسرائیل کی جنگ میں شامل ہو کر ایران پر حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ امن کا دائی رہا اور کبھی طاقت کے سامنے نہیں جھکا، ہر ملک اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنا ضروری ہے، امریکہ اپنی طاقت کے بل بوتے پر دوسرے ملکوں پر حملہ کر نے سے اپنا ہی نقصان کرتا ہے اور ایران پر حملے کے بعد بھی بالآخر جنگ بندی کرنی پڑی لیکن ایک بات ثابت ہوگئی کہ اسرائیل ناقابل تسخیر نہیں۔
92










