مظفرآباد: آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ہندوستان انتہا پسند وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے موقع پر دنیا بھر کے کشمیریوں نے احتجاج کر کے عالمی ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے،اب دنیا کو آگے بڑھ کر ہندوستان کا ہاتھ روک کر کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنا چاہئیے،ان خیالات کا اظہارسردار عتیق احمد خان نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج کشمیر میں ظلم و ستم ڈھا کر جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے،نوجوانوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے،ہزاروں افراد کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے اور کشمیری عوام بد ترین مطالم اور نسل کشی کا شکار ہیں،آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مہم زور پر ہے،اس ساری صورت حال میں عالمی طاقتوں کی خاموشی افسوس ناک ہے،یہ رویے دنیا میں انتہا پسندی کو بڑھانے کا باعث بن رہے ہیں،کشمیری عوام آج بھی اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مدد طلب کر رہے ہیں، مگر دنیا نے مصحت کی چادر اوڑھ رکھی ہے ،اس رویے کو بدلنا ہو گا،تجارت کی خاطر اصولوں کی قربانی قابل مذمت رویہ ہے،انہوں نے کہا کہ مودی ہندوستان کا ہٹلر ہے اور اس کے رویے کی روک تھام نہ کی گئی تو جنوبی ایشیا تباہی کا شکار ہو سکتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کیلئے کشمیر میں ہندئوں کی آباد کاری کر رہا ہے،ہندوستان جعلی ڈومیسائل جاری کر نے کے علاوہ مسلم نسل کشی اور مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیری ہندوئوں اور ہندوستانی افواج کو آباد کر کے مسلم آبادی کے تناسب کو ختم کرنے کے در پے ہے،کشمیری پوری بہادری سے ہندوستانی رہاستی دہشت گردی اور جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا نہ کیا تو اس کا وجود خطرے سے دو چار ہو گا۔
