26

آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت عالمی سانحہ ہے، عبد القیوم نیازی

اسلام آباد:صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت ایک عالمی سانحہ ہے جس کے عالمی امن پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے ، ایرانی عوام سے دلی اظہار تعزیت کرتا ہوں ، پوری کشمیری قوم ایران کیساتھ کھڑی ہے ، آیت اللہ علی خامنہ ای نے قومی وقار پر جان قربان کردی۔ لیڈر غیرت سے زندہ رہتے ہیں، فرنٹ سے لیڈ کرتے ہیں۔ لیڈر وہی ہوتا ہے جو Absolutely Not کہہ سکے۔ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ نے عالمی امن کو تباہ کر کے رکھ دیا ، امریکہ اور اسرائیل نے عالمی قوانین کو روند کر ایران پر حملہ کیا ، امت مسلمہ کے عظیم لیڈر عمران خان نے بار ہا مسلمان ممالک کو اسرائیل کے ناپاک عزائم سے خبردار کیا ، مسلم ممالک کو متحد و منظم ہو کر امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ کا مقابلہ کرنا ہو گا ، پاکستان ، سعودی عرب ، ترکی سمیت بڑے اسلامی ممالک پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مسلم امہ میں اتفاق و اتحاد پیدا کریں اور خطے میں پائیدار امن کیلئے اقدامات کریں ، عمران خان جیسے عظیم لیڈر کی پوری امت کو ضرورت ہے ، عمران خان کو فوری رہا کیا جائے۔ سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کراچی میں غیر ملکی سفارتخانے کے سیکیورٹی اہلکار کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی المناک شہادت پر پیدا ہونے والے عوامی جذبات نہ صرف فطری ہیں بلکہ امت کے دلی تعلق اور عقیدت کا اظہار بھی ہیں۔ پرامن احتجاج کرنا پاکستان کے شہریوں کا آئینی اور جمہوری حق ہے، اور کسی بھی غیر ملکی سفارت خانے کو یہ اختیار حاصل نہیں ہونا چاہیے کہ وہ پاکستانی شہریوں پر فائرنگ کرے۔ کراچی میں مظاہرین پر امریکی میرینز کی جانب سے مبینہ فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اس طرح کے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں اور ہم اس واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ عوام الناس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے جذبات کا اظہار پرامن انداز میں کریں۔ حکومتِ عوام کے خلاف تشدد کا راستہ اختیار کرنے سے اجتناب کرے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کرے اور ایسے کسی بھی واقعے پر سنجیدگی سے کارروائی کرے جس سے ملکی خودمختاری اور شہریوں کی سلامتی متاثر ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں