72

عوام کو بدلا ہوا آزادکشمیر دینگے، وزیراعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد:وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہماری حکومت آزادکشمیر کے عوام کی توقعات پر پوری اترے گی۔عام انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں پر قائم ہیں۔عوام کو بدلا ہوا آزادکشمیر دینگے۔ سیاحت،ہائیڈل اور دیگر شعبہ جات میں میں موجود پوٹینشل کو بروئے کار لا کر سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے شروع کئے جائیں گے جن سے لوگوں کو روزگار ملے گا اور ریاست ترقی کی نئی سمت پر رواں ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اسلام آباد میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تینوں ڈویژنز میں جدید طرز پر ٹاؤن پلاننگ کی جائے گی۔دو سو سالہ منصوبہ بندی کے پیش نظر شہروں اور ٹاؤنز کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر ٹاؤن پلاننگ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔عوام اپنی آنے والی نسلوں کی بقاء اور معیار زندگی کی بہتر ی کے لئے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات آزادکشمیر کا حسن ہیں اور اس حسن کو برقرار رکھنے کے لیئے ان کی کٹائی ترک کی جائے۔جنگلات کی کٹائی کی وجہ سے آزادکشمیر میں خالی ہونے والے پہاڑوں پر وسیع پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی۔جنگلات کو سیاحوں کے لئے پرکشش بنانے کے لیئے سفاری پارک بنائے جائیں گے،جن سے مقامی سطح پر روزگارکے مواقع بھی میسر آئیں گے۔آزادکشمیر کے بڑے شہروں میں منی آئی ٹی پارکس قائم کرکے سافٹ ویئر ایکسپورٹس کا آغاز کیا جائیگا۔،اس ذریعے سے ہمارے نوجوان گلوبل ای انڈسٹری کا حصہ بن جائیں گے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میکانائزڈ فارمنگ اور جدید لائیو سٹاک کے ذریعے ریاست کی معیشت کو مستحکم کیا جائیگا۔ صحت کے شعبے میں ہنگامی اور جدید بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔آزادکشمیر میں حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایمرجنسی ہیلپ سروسز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔اس مقصدکے لیے1122 کو مزید بہتر بنا ئیں گے۔وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ تعلیم کے شعبے میں کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کے لئے اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے۔نوجوانوں کو رسمی تعلیم کی بجائے ان کی اہلیت کے مطابق ہنر مند بنایا جائے گا تاکہ وہ عملی زندگی میں بے روزگاری کے عفریت سے نجات حاصل کرسکیں۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب آزاد کشمیر کے عوام کو حقیقی معنوں میں بدلا ہوا کشمیر ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں