26

ن لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے کمیٹی قائم

لاہور : مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی نے آئندہ عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی ۔میڈیارپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا ثناء اللہ، ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی سے عون چوہدری، اسحق خاکوانی اور نعمان لنگڑیال کمیٹی ممبر ہوں گے ۔کمیٹی سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے فارمولہ اور امیدواوں کا چنائو کرے گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق کمیٹی مذاکرات کا پہلا رائونڈ کر چکی ہے جس میں مسلم لیگ (ن) اور آئی پی پی کے درمیاں مختلف نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے پیش رفت بھی ہوئی ۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) لاہور میں صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کو قومی اسمبلی کی نشست پر سپورٹ کرے گی، مسلم لیگ (ن) ساہیوال میں نعمان لنگڑیال کے مقابلے میں امیدوار کھڑا نہیں کرے گی جبکہ (ن) لیگ عون چوہدری اور اسحاق خاکوانی کے مقابلے میں بھی اپنا امیدوار نہیں لائے گی۔ لودھراں میں بھی مسلم لیگ (ن) ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر آئی پی پی کی حمایت کرے گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر مراد راس، امین چوہدری سمیت آئی پی پی کے دیگر امیدواروں کی نشستوں پر مزید مذاکرات ہوں گے۔مسلم لیگ (ن) کی کمیٹی اگلے چند روز میں نواز شریف کے سامنے آئی پی پی کے مطلوبہ حلقوں کی فہرست پیش کرے گی، آئی پی پی کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی جانے والی نشستوں کا حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں