78

عید الاضحیٰ کے اجتماعات میں مظلوم کشمیریوں کی کامیابی و آزادی کیلیے خصوصی دعائیں کریں،وزیراعظم آزادکشمیر کی عالم اسلام سے اپیل

مظفرآباد :وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر ملتِ اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم دن ہمیں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی بے مثال اطاعت، ایثار اور قربانی کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اللّہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہر عزیز شے کو قربان کرنے سے دریغ نہ کیا۔ یہ جذبہ آج بھی ہمیں بڑے مقاصد کے حصول کے لیے قربانی کا درس دیتا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیر نےکہا کہ عید کی اس خوشی کے موقع پر مسلح افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی بدولت آج ہم عید کی خوشیاں منا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن شہداء کے خاندانوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام بھی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، اور بھارتی جبر و استبداد کے باوجود ان کی تیسری نسل بھی مزاحمت کی علامت بن چکی ہے۔ آج کے دن ہم ان بہادر کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو بندوقوں، کرفیو اور ظلم کے سائے میں کلمۂ حق بلند کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ کی سنت ہمیں سکھاتی ہے کہ اصل قربانی یہ ہے کہ انسان خود کو اعلیٰ انسانی و دینی مقاصد کے لیے وقف کر دے۔ دعا ہے کہ جس طرح اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیمؑ کی قربانی قبول فرما کر انہیں سرخرو کیا، اسی طرح کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو بھی شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی شناخت اور تاریخ مٹانے کے لیے ان پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہماری بہنیں، بھائی، بیٹے اور بچے روز قربانی دے رہے ہیں، حتیٰ کہ انہیں عبادات کی آزادی بھی حاصل نہیں۔ ان کی جدوجہد انسانی تاریخ کی ایک انوکھی اور بے مثال داستان ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے عالمِ اسلام سے اپیل کی کہ وہ عید الاضحیٰ کے اجتماعات میں مظلوم کشمیریوں کی کامیابی و آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کریں اور ان کی جدوجہد کو اپنی آواز فراہم کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادکشمیر کی حکومت اور عوام تحریکِ آزادی کشمیر کی مکمل کامیابی تک اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں