46

قیوم نیازی کا نیلم کے گھوسٹ اور غیر حاضر ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

مظفرآباد:وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم کی زیر صدارت ضلع نیلم کے مسائل کا جائزہ لینے کے حوالہ سے اجلاس، ضلع نیلم میں گھوسٹ ملازمین کا انکشاف، وزیراعظم کا سخت نوٹس’ معاملے کی تحقیقات کا حکم ۔کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے نیلم کے مسائل بارے مفصل رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔ اجلاس میں ضلع نیلم کا موسم سرما میں رابطہ ہمہ وقت بحال رکھنے اور عوام کی سہولیات کیلئے سنوکلیئرنگ مشینری خریدنے کا فیصلہ ۔نیلم کے دیرینہ مسائل حل کرنے ، ترقیاتی منصوبے لگانے اور سیاحت کے فروغ کے حوالہ سے جامع پلان مرتب کرنے کا فیصلہ ۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر آفتاب ، کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمان ، ڈی آئی جی طاہر محمود قریشی ، چیف انجینئر شاہرات ، چیف انجینئر برقیات ، چیف انجینئر پی پی ایچ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیراعظم کوبریفنگ دیتے ہوئے کمشنر مظفرآباد نے بتایا کہ ضلع نیلم میں 37محکمہ جات میں کل4212 ملازمین ہیں جن میں40ملازمین ایسے ہیں جو تنخواہ سرکار سے لیتے ہیں اور حاضر نہیں ہیں جبکہ محکمہ تعلیم میں68ملازمین گھوسٹ ہیں جن کا کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں ۔جس پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ گھوسٹ اور غیرحاضر ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر بند کی جائیں ، دوسرے مرحلے میں ان کو نوٹسز جاری کیے جائیں جبکہ تیسرے مرحلے میں ان کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کروا کر معاملہ احتساب بیورو کوبھیجا جائے۔ اجلاس میں محکمہ صحت عامہ کے حوالہ سے بتایا گیا کہ ضلع نیلم میں کل20بنیادی مراکز صحت ہیں جن میں سے11میں ڈاکٹرز ہی موجود نہیں ، کچھ بنیادی صحت کے مراکز پر ڈاکٹرز تعینات ہیں لیکن حاضر نہیں اور تنخواہ لے رہے ہیں ۔ کمشنر نے وزیراعظم کو بتایا کہ ضلع نیلم میں اس وقت 03پو لیس اسٹیشنز کی اشد ضرورت ہے جبکہ کیل انتظامی یونٹ نہ ہونے کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم بتایا کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے پاس تمام سہولیات اور سامان موجود ہے لیکن بجٹ اور مستقل سٹاف نہ ہونے کی وجہ سے سامان تباہ ہورہا ہے اور مسائل جنم لے رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ نیلم گائوں ، کیرن ، شاردہ ، کیل ٹائون ، کنڈل شاہی ، جورا ، تائو بٹ میں واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کا فقدان ہے جس پر وزیراعظم نے ان جگہوں پر واٹر سپلائی اور سیوریج نصب کرنے کی ہدایات دیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں سیاحت اورہائیڈل کے پوٹینشل سے استفادہ کر کے ریاست کی آمدن بڑھائیں گے ،عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے اور ریاست کی ترقی و خوشحالی ہمارا مشن ہے ، تحریک انصاف کے پانچ سالہ دور میں آزادکشمیر کا کوئی علاقہ پسماندہ نہیں رہے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے گھوسٹ ملازمین پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ سرکاری خزانے سے لیں اور کام کچھ نہ کریں ‘ ایسا نہیں چلے گا۔ ریاست کے وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جائے ، نیلم قدرتی وسائل سے مالا مال لیکن ماضی میں ان وسائل سے استفادہ اٹھانے کے حوالہ سے کوئی توجہ نہ دی گئی ، گھوسٹ کلچر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے، یہ کیسے ممکن ہے کہ سرکاری خزانے سے تنخواہ لیں اور عوامی خدمت کے بجائے عیاشی کریں ، ریاست کی خدمت ہمارا مشن ہے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ضلع نیلم میں جہاں انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے اس کو فوری پورا کیاجائے ، نیلم کے لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں ، ان کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے حکومت وسائل فراہم کریگی ، نیلم کے لوگوں کی موسم سرما میں مشکلات کو کم کرنے کیلئے سنو کلیئرنگ مشینری فراہم کریں گے تاکہ سردیوں میں نیلم کے لوگوں کی مشکلات کم ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ نیلم میں سیاحت کے فروغ کے حوالہ سے خصوصی پلان بناکر اس پر عملدرآمد کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری زمینوں پر قبضے کو فوری واگزار کروایا جائے اور جنگلات کا کٹائو کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ،نیلم کے لوگ مہمان نواز ہیں ، نیلم میں سیاحت کا بہت پوٹینشل موجود ہے لیکن سہولیات کے فقدان کی وجہ سے اس کو بروئے کار نہیں لایا جا سکا، نیلم کی پسماندگی کا خاتمہ کریں گے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر کے حکم پر کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان نے نیلم کے مسائل کے حوالہ سے جامع رپورٹ اجلاس میں پیش کی جس پر وزیراعظم نے ان کی کارکردگی کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں